بھٹکل:26/ جولائی(ایس او نیوز)تعلقہ کے بیلکے گرام پنچایت حدود کے نوج دیہات میں 33 کے وی بجلیلائن ٹوٹ کر ایلٹی لائن پر گرنے کے نتیجے میں 10سے زائد گھروں کے الکٹرک اشیاء جل کر خاکستر ہونے کے علاوہ کچھ گھروں میں آگ لگنے سے کافی نقصان ہواہے۔ یہ واردات پیر کی شام کو پیش آئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ تعلقہ میں ہونے والی موسلادھار بارش اور طوفانی ہواؤں کےنتیجےمیں 11کے وی بجلی لائن سے جُڑا ہوا آلہ جل گیا جس سے بجلی سپلائی کرنے والی تار ٹکڑے ٹکڑے ہوکر ایلٹی لائن پر گرگئی۔ جس کے نتیجےمیں بجلی سپلائی کی قوت میں اچانک اضافہ ہونے سے گھروں میں موجود ٹی وی، فین، فریج، بجلی تار، پانی کے پائپ وغیرہ سب کچھ جل کر تباہ ہوگیا۔ بجلی اشیاء کو لگی آگ بھڑکنے سے گھرکے دیگر مقامات بھی آگ کی لپیٹ میں آگئے ، لوگ خوف زدہ ہوکر فوری طورپر ہسکام والوں کو اطلاع دی اور بجلی سپلائی بند کرائی، جس سے ایک بڑے حادثے کو ٹالا گیا۔
ناگپا کے نائک، رامیا بڈیا گونڈا، منگل ہونیا گونڈا، ماستی بڈیا گونڈااور سومیا کے گھروں کوکافی نقصان پہنچا ہے۔ ہسکام افسران نےان مکانات کا دورہ کرتے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا ہے۔
علاقہ کے لوگوں نے بتایا کہ ایلٹی لائن کے اوپر ہی 11کے وی لائن کھینچی گئی ہے، کہیں بھی گارڈ کو نصب نہیں کیا گیا ہے، اور دونوں لائن کے درمیان صرف ایک فٹ کا فاصلہ رکھا گیا ہے جس سے حادثہ پیش آیا ہے۔ مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طورپردو لائنوں کے درمیان گارڈ نصب کریں، اس بات کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ قریب ایک کلومیٹر دوری تک ایلٹی لائن اور 11کے وی لائن ایک ہی کھمبے سے جوڑے گئے ہیں ان کو الگ الگ کیاجائے۔ عوام نے دھمکی دی ہے کہ اگر اس سلسلے میں غفلت برتی گئی اور کام میں تاخیر کی گئی تو سڑک پر اترکر سخت احتجاج کریں گے۔